اسلام آباد: وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ روس خام تیل میں دنیا کے برابر یا اس بھی زیادہ رعایت دے گا۔
مصدق ملک نے پاک روس سستے تیل خریداری معاہدے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس سے سستے تیل کی خریداری کے معاہدے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، وفد اسی وقت آتے جب تیاریاں مکمل ہوں۔
روس کا سینئر ترین وفد پاکستان آرہا ہے
انہوں نے کہا کہ روس خام تیل میں دنیا کے برابر یا اس بھی زیادہ رعایت دے گا، روس کے ساتھ سنجیدہ بات چیت جاری ہے، روس کا سینئر ترین وفد پاکستان آرہا ہے، روسی وزیر توانائی اور وزیر مملکت توانائی سمیت پورا وفد آرہا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہم پوری کوشش کرینگے ملکی مفاد میں معاملہ طے ہوجائے، ریفائنریز سے بات کرنے کے بعد روس کے سامنے اپنی طلب رکھی۔
وزیر مملکت پیٹرولیم نے مزید کہا کہ روس کے ساتھ تمام گفتگو کر کے آئے ہیں، معاہدے کی تیاری مکمل ہے قبل از وقت غیر ذمہ دار بات نہیں کر سکتا۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کاسلسلہ جاری ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید 5 فیصد کمی ہوئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 78 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بڑی خوشخبری؛ حکومت کا اہم فیصلہ
معاشی ماہرین کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سربراہ کی جانب سے عالمی معیشت کی سست روی کے بیان اور ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔
ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ 2023 میں درپیش معاشی مشکلات اور آئی ایم ایف سربراہ کے بیان کے باعث تیل کی قیمتیں ایک ماہ کی بلند ترین سطح سے نیچے آگئی ہیں۔



















