Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ کابینہ کی بلدیاتی کونسلز کیلئے مخصوص نشستوں کی منظوری

سندھ کابینہ کی جانب سے بلدیاتی کونسلز کیلئے مخصوص نشستوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا جبکہ اہم فیصلے بھی کئے گئے۔

اجلاس کے دوران بلدیاتی کونسلز کیلئے مخصوص نشستوں کی منظوری دی گئی اور یہ مخصوص نشستیں چھ کیٹیگریز کیلئے ہیں۔

ان میں خواتین، نوجوان، مزدور/کسان، غیر مسلم، خصوصی افراد/مزدور اور ٹرانسجینڈر شامل ہیں۔

اسکے علاوہ سندھ کابینہ نے وزیر ٹرانسپورٹ کی درخواست پر 1.7 ارب روپے بسوں کی خریداری کیلئے منظوری دے دی ہے جس کی مدد سے محکمہ ٹرانسپورٹ پیپلز بس سروس کیلئے 43 نئی بسیں سال 23-2022 میں خریدے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کابینہ کا اجلاس: کفایت شعاری کے اقدامات کی منظوری

دوسری جانب سندھ کابینہ نےگنے کی قیمت 302 روپے فی من (40 کلو) مقرر کی ہے جبکہ کوالٹی پریمیم 0.50 (پچاس پیسے) فی 40 کلو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں سندھ کابینہ کی 20 نومبر سے کرشنگ شروع کرنے کی توثیق  بھی کردی ہے۔

دوران اجلاس محکمہ داخلہ سندھ نے تعلیم کی بنیاد پر انسداد دہشتگردی عدالت کے سزا یافتہ 9 قیدیوں کو سزا میں کمی کردی ہے اور جن قیدیوں کی سزا میں چھ سے 22 ماہ کی کمی کی گئی ہے انھوں نے ادیب، میٹرک اور انٹر کے امتحانات پاس کئے ہیں۔

متعلقہ خبریں