پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے پیپلزپارٹی کے کراچی کا میئر لانے کے دعوے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 15 جنوری زیادہ دور نہیں ہے بس پہلے تین دفعہ کی طرح بھاگ نہ جائیں۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر دعوؤں پر جائیں تو کراچی میں پانی بھی ہونا چاہیے، کچرا بھی اٹھ جانا چاہیے، امن و امان بھی ہونا چاہیے تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے پنجاب کی صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہیٰ کا اپنا ایک نقط نظر ہے لیکن انہوں نے ہر دفعہ کہا ہے کہ فیصلہ عمران خان کا ہے۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ ابھی تو کورٹ نے روکا ہوا ہے گیارہ تاریخ کو سماعت ہے دیکھتے ہیں وہاں کیا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ کراچی میں ووٹ صرف عمران خان کا ہے، اسد عمر
گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں اسد عمر نے کہا تھا کہ حکمران انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، حکمران جتنا بھاگیں 2023 میں وزیراعظم عمران خان ہونگے۔ چوروں کومسلط کیا گیا، ملکی تاریخ کی بدترین مہنگائی ہے، بے روزگاری کا طوفان، کاروبار بند، زرمبادلہ ذخائر کم ہورہے ہیں، سندھ میں اس بار پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی۔
سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں ووٹ صرف عمران خان کا ہے، بکھرے ہوئے ایک ہوجائیں ووٹ پھر بھی بلےکو ہی ملے گا۔ 3 کا الگ الگ کے بجائے ایک ساتھ شکار کریں گے، 2023الیکشن کا سال ہوگا، چند ماہ بعد وزیراعظم عمران خان ہونگے۔
توہین الیکشن کمیشن کیس
اس سے قبل توہین الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس سے متعلق اسد عمر نے فوری سماعت کی درخواست سندھ ہائیکورٹ میں دائر کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن توہین کا شوکاز نوٹس جاری کرنے کا اختیار نہیں رکھتی ہے، الیکشن کمیشن کی توہین کا نوٹس واپس لیا جائے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسد عمر و دیگر کو توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری کر رکھا ہے۔



















