Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت نے بدنیتی کی بنیاد پر استعفے منظور کیے ہیں، فرخ حبیب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما  فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ حکومت نے بدنیتی کی بنیاد پر استعفے منظور کیے ہیں۔

اپنے جاری کردہ ایک بیان میں فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کا مؤقف تھا اسپیکر کے پاس پیش ہونے پر استعفے منظور کرینگے، استعفوں کو بدنیتی کی بنیاد پر منظور کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ راجا ریاض کو ہٹانے کے بیان کے بعد استعفے منظور کیے گئے، راجا ریاض کٹھ پتلی اپوزیشن لیڈر ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 123 ارکان نے استعفے 11 اپریل کو ہی دے دیے تھے، حکومت نے بدنیتی کی بنیاد پر استعفے منظور کیے، حکومت کو کچھ سمجھ نہیں آرہا کیا کریں، یہ عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔

فرخ حبیب نے مزید کہا کہ ملک ڈیفالٹ ہو رہا ہے اور حکومت دھاندلی پر توجہ دے رہی ہے، پری پول دھاندلی کیلئے حکومت ایسے اقدامات کررہی ہے۔

فرخ حبیب کا ٹوئٹ

اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ کھسیانی بلی کھمبا نوچے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  راجہ ریاض کو بچا کر کیسے اپنا نگراں وزیر اعظم لگانا ہے اور کیسے آئندہ انتخابات میں دھاندلی کرنی ہے یہ سب استعفے اسی لئے منظور کیے جارہے ہیں۔

حسان خاور کا ٹوئٹ

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما حسان خاور نے بھی اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ کی دہشت سے 35 استعفے مزید منظور ہو گئے ہیں۔

حسان خاور نے کہا کہ ابھی بھی ہمارے نمبر اتنے ہیں کہ لیڈر آف دی اپوزیشن ہمارا ہی ہوگا، اگر راجا ریاض کو بچانا ہے تو 16 استعفے اور منظور کریں قوم کو مبارک ہو، اس طرح کے ہر قدم سے یہ ملک جنرل الیکشن کی جانب بڑھ رہا ہے۔

متعلقہ خبریں