Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی گھناؤنا فعل اور ناقابل قبول ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی گھناؤنا فعل اور ناقابل قبول ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سویڈن میں ایک دائیں بازو کے انتہا پسند کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی مذمت کے لیے الفاظ کافی نہیں ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار کا لبادہ دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا سویڈن میں دائیں بازو کے انتہا پسند کی جانب سے کیا گیا شرمناک فعل ناقابل قبول ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کی تھی۔

گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ قرآن پاک کی بےحرمتی سے ڈیڑھ ارب  مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس  پہنچی، مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا اظہار رائے کی  آزادی میں نہیں آتا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے علمبردار نفرت انگیز عمل کی روک تھام کی ذمہ داری نبھائیں، انسانی حقوق کے علمبردار  لوگوں کو تشدد پر نہ اکسانے کی ذمہ داری  نبھائیں، اسلام امن کا مذہب ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان تمام مذاہب کے احترام  پر یقین رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ سوئیڈن اور ترکیہ کے درمیان نیٹو کی رکنیت کو لے کر کشیدگی چل رہی ہے۔ سوئیڈن نیٹو میں شمولیت کا خواہاں ہے لیکن ترکیہ گزشتہ برس مئی سے اس کی مخالفت کر رہا ہے۔

ترکیہ کا کہنا ہے کہ پہلے سوئیڈن ترک صدر طیب اردگان کے ناقدین اور کرد رہنماؤں کو ڈی پورٹ کرے لیکن سوئیڈن یہ مطالبات تسلیم نہیں کر رہا۔

متعلقہ خبریں