Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم اکثریت کھو چکے ہیں، وہ اعتماد کا ووٹ لینے کی پوزیشن میں نہیں، شاہ محمود

سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی میں اکثریت کھو چکے ہیں، وہ اعتماد کا ووٹ لینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم اسمبلی سے لاتعلق ہوچکے ہیں لیکن حکومتی چالوں میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے واپس آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس اتنے نمبر موجود ہیں کہ اپوزیشن لیڈر اپنا لاسکیں کیونکہ موجودہ اپوزیشن لیڈر صرف نام کے ہیں، وہ اپنا کوئی کردار ادا نہیں کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں؛ پی ڈی ایم کے پاس پاکستان کیلئے بڑے فیصلے لینے کا مینڈیٹ نہیں ہے، شاہ محمود قریشی

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیٹ اپ الیکشن نہیں کرانا چاہتا اور الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری نہیں نبھارہا جبکہ صاف اورشفاف انتخابات کراناالیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کےفیصلےپرمایوسی ہوئی ہے، اس معاملے پرعمران خان قانونی معاملات پر گفتگو کرینگے۔

اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت پر گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے اور امپورٹڈ حکمران اقتدار کو طول دینے کیلئے حیلے بہانے کررہے ہیں جبکہ ناکام نظام کو بچانے کیلئے غیر آئینی ہتھکنڈے بھی استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو جس ایجنڈے کے تحت ذمہ داری سونپی گئی وہ اسی ایجنڈے کے تحت کام کررہے ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے ووٹ سے بچنے اور نام نہاد اپوزیشن لیڈر کو بچانے کیلئے ہمارے اراکین کے استعفے منٹوں میں منظور کئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر صاحب سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے باقی اراکین اسمبلی کے استعفے بھی منظور کئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں؛ملک کی معاشی صورتحال کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام کی امید ایک بار پھر عمران خان ہیں اور عمران خان ہی ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال کر ایک مرتبہ پھر ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں