Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تحریک انصاف نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو عوام کیخلاف سازش قرار دیدیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام کے خلاف سازش قرار دے دیا۔

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ ملک پہلے ہی معاشی تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، آج عوام ان امپورٹڈ حکمرانوں کے ہاتھوں مزید بوجھ تلے آگئے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر35 روپے اضافہ انکی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عوام کب تک انکی نااہلی کی قیمت ادا کریں گے؟ کیا اربابِ اختیار مزید تباہی کا انتظار کریں گے؟

شوکت یوسفزئی

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے بھی اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ تحریک انصاف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نالائق حکومت مہنگائی کے بجائے عوام کو ختم کرنا چاہتی ہے، پاکستان کی معیشت پہلے سے ہی معیشت ڈوبی ہوئی ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے غریبوں سے جینے کا حق چھیننے کی ٹھانی ہے، عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو تحریک انصاف برداشت نہیں کرے گی، امپورٹڈ حکومت عوام کی جان چھوڑے اور نئے انتخابات کا اعلان کرے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار کی تمام تھیوریاں فیل ہو چکی ہیں، ڈالر 200 پر لانے کا دعویی کیا تھا 270 پر پہنچ گیا ہے، عوام پر رحم کریں، عوام آپ کا بوجھ مزید برداشت نہیں کر سکتی۔

اسد قیصر

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کرنے کے بعد پیٹرول قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کے ساتھ کھلے عام دشمنی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے ہیں، ان کو دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے، ایسے حالات میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔

حماد اظہر

دوسری جانب ‏پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے بھی ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کی وجہ سے نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے معیشت تباہ کردی جس کی وجہ سے روپے کی ڈالر کے مقابلے میں قدر انتہائی کم ہو گئی۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ تیل سمیت تمام امپورٹڈ اشیاء اب بہت زیادہ مہنگی پڑیں گی، یہ سب رجیم چینج کی بدولت ہوا۔

خرم شیر زمان

پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاکر عوام دشمن حکومت ہونے کا ثبوت دیا۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ لگتا ہے امپورٹڈ حکومت کا مشن عوام کے منہ سے نوالہ چھیننا ہے، شہباز شریف اپنے کپڑے بیچیں قوم کیلئے سستا پیٹرول لائیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے ہر اشیاء مہنگی ہوگی صنعتیں، سفری کاروبار متاثر ہوں گے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے کہتے ہیں پیسہ نہیں ہے، مگر قوم کا پیسہ غیرضروری دوروں، سرجریوں پر خرچ کیا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے کو گھر بھیجنا ضروری ہے، حکومت نے مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔

متعلقہ خبریں