پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے۔
قرارداد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان، ڈاکٹر سنجے، شاہنواز جدون، عدیل احمد ،شہزاد قریشی، ڈاکٹر سیما و دیگر نے جمع کرائی۔
پیٹرول کی قیمتوں کیخلاف قرارداد جمع
قرارداد میں اراکین نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35 روپے اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ فیصلے کے پیش نظر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے استعفی مطالبہ کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پیٹرولیم پرائس میں اضافے سے مہنگائی کا بوجھ عوام پر مزید بڑھے گا۔
قرآن پاک کی بےحرمتی کیخلاف قرارداد جمع
دوسری جانب قرارداد کے متن میں بتایا گیا کہ سویڈن میں قرآن مجید کی حرمت کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، حکومت پاکستان سنگین معاملے پر عالمی سطح پر آواز بلند کرے۔
قرارداد میں واضح کیا گیا کہ قرآن مجید جلانے کے واقعے سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی، پاکستان اور نیدرلینڈز حکام آئینی تقاضوں کے تحت ایسی حرکات پر سخت کارروائی یقینی بنائیں۔
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 35 روپے اضافہ کردیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 35، 35 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اوگرا کا اہم اعلان
انہوں نے بتایا کہ 35 روپے کے اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی
چند ہفتے قبل سویڈش حکام نے ڈنمارک کے ایک انتہا پسند کو اسٹاک ہوم میں ترک سفارت خانے کے سامنے قرآن پاک کو آگ لگانے کی اجازت دی تھی۔ اس اقدام پر پوری اسلامی دنیا میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ اجلاس، سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کی شدید مذمت
سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے بعد دنیا کے مختلف حصوں میں مسلمان سراپا احتجاج سڑکوں پر آ گئے اور اس توہین آمیز اقدام کے خلاف احتجاج کیا۔
دوسری جانب مظاہرین نے سویڈن کی حکومت سے ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔



















