سابق وزیراعظم عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیس کی سماعت اگلے 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت تین رکنی کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیس کی سماعت کی ہے۔
دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے کوئی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا جبکہ درخواست گزار ایڈووکیٹ آفاق بھی پیش نہیں ہوئے۔
اس موقع پر الیکشن کمیشن نے فریقین کو دوبارہ نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کردی ۔
خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر بھی التواء کی درخواست کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے خلاف پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست خارج
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی شروع کی گئی تھی۔
اس حوالے سے ن لیگی رہنماؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ الیکشن کمیشن عمران خان کونااہل قرار دیکر پارٹی سربراہی سے ہٹائےگا۔
دوسری جانب عمران خان کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کے نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی جس دوران خلیل الرحمٰن الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
اس موقع پر درخواست گزار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن عمران خان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کرچکا ہے تاہم اپنی درخواست میں کچھ ترمیم کرنا چاہتا ہوں۔
اس حوالے سے ممبر نثار درانی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال میں آپ کو نئی درخواست دائر کرنی چاہیے جس پر درخواست گزار نے ترمیم کی اجازت طلب کی جس پر الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو دوبارہ نئی درخواست دائر کرنے کی ہدایت دے دی۔



















