حکومت نے مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام پر پیٹرول کے بعد گیس بم بھی کراتے ہوئے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 60 روپے اضافہ کردیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں اضافےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق 11.8 کلو ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 703 روپے 24 پیسے مہنگا کر دیا گیا ہے۔ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈرکی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم فروی سے ہوگا۔
خیال رہے کہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت 263 روپے 95 پیسے ہوگئی ہے، اضافے کے بعد 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈرکی قیمت 3 ہزار 114 روپے67 پیسے مقررکی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان
جنوری کے لیے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 204 روپے 35 پیسے تھی، رواں ماہ ایل پی جی کےگھریلو سلنڈرکی قیمت 2 ہزار 411 روپے 43 پیسے تھی۔
چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق حکومت کی جانب سے ڈالر، پیٹرول کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا، ایل پی جی کی قیمت میں تاریخی اضافہ ہوا ہے۔
اوگرا کی جانب سے ماہ فروری کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹی فیکیش جاری کر دیا ہےجس کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 60 روپے فی کلواضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر 703 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 2706 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔



















