Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

16 وزارتوں میں کچھ نہ ملا تو حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر آگئی، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ  16 وزارتوں میں کچھ نہ ملا تو حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر آگئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ میرے وکیل نعیم حیدر نے تھانے میں بیان جمع کرادیا جو پولیس لینے سے انکاری ہے، پولیس کی پوری کوشش ہے کہ مجھے ہر حال میں گرفتار کیا جائے۔

لال حویلی ہماری ذاتی ملکیت ہے

انہوں نے کہا کہ پہلےلال حویلی پر قبضہ کیا جو ہماری ذاتی ملکیت ہے، ہائی کورٹ نے قبضے کو ختم کردیا جبکہ اسلام آباد پولیس کی طرف سے مجھے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔

انکا کہنا ہے کہ میرے وکیل سردار رازق، نعیم حیدر اور انتظار حسین ہیں، باقی پولیس کی طرف سے میرے خلاف میڈیا ٹرائل کروایا جارہا ہے۔

عمران خان کی جان کو شدید خطرات ہیں

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں اپنے بیان پر قائم ہوں عمران خان درست کہتا ہے آصف زرداری اسے قتل کروانا چاہتا ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ عمران خان کی جان کو شدید خطرات ہیں، انکا منصوبہ عمران خان کو نااہل اور مائینس کرنا ہے۔

شیخ رشید نے تھانہ آبپارہ کے طلبی نوٹس کو چیلنج کردیا

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے تھانہ آبپارہ کے طلبی نوٹس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

شیخ رشید کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ اور انتطار حسین پنجوتھہ کی جانب سے نوٹس غیر قانونی قرار دینے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔

شیخ رشید کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مدعی، ایس ایچ او اور آئی جی کو فریق بتایا گیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی جانب سے تھریٹس بھی مل رہی ہیں۔ پولیس کو ایف آئی آر سے پہلے اس طرح نوٹس کا اختیار نہیں، پولیس نے غیر قانونی طریقے سے نوٹس جاری کیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ پولیس کو ہراساں کرنے سے روکا جائے اور نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ تھانہ آبپارہ نے شیخ رشید کو عمران خان قتل الزام لگانے سے متعلق طلب کیا تھا۔

متعلقہ خبریں