Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشتگردی خطرہ ہے، مشترکہ کوششوں سے ہی خاتمہ ممکن ہوگا، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز  نے کہا ہے کہ دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے اور مشترکہ کوششوں سے ہی خاتمہ ممکن ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ، 180 ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور میں قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر زوئی وئیر کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پشاور واقعہ بڑا سانحہ ہے

ملاقات میں قائم مقام ہائی کمشنر نے پشاور پولیس لائنز مسجد میں دہشت گرد حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سے یکجہتی کرتے ہیں۔

دوران ملاقات مریم نواز نے کہا کہ پشاور واقعہ بڑا سانحہ ہے، ہر دل مغموم ہے، دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے، مشترکہ کوششوں سے ہی خاتمہ ممکن ہوگا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عظیم جانی و معاشی نقصانات اٹھائے ہیں۔

جمہوریت کا تسلسل اور وقت پر انتخابات اہم ہیں

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل اور وقت پر انتخابات اہم ہیں جس سے درپیش چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ ممکن ہے، دنیا کو پاکستان اور اس کے عوام کی اس مشکل صورتحال میں مدد کرنا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں؛ مریم نواز کے ملک گیر تنظیمی دوروں کا شیڈول جاری

ن لیگ کی سینئر نائب کا کہنا ہے کہ اتحادی حکومت نے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ 3 کروڑ 30 لاکھ لوگوں کی بھرپور مدد کی، مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کو 100 ارب روپے سے زائد مالی امداد فراہم کی۔

مریم نواز کا برطانیہ کو سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر شکریہ

ملاقات کے دوران مریم نواز نے برطانیہ اور اس کے ادارے ڈیفیڈ کی جانب سیلاب متاثرین کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔

پارٹی کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جو ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہے، مریم نواز

مریم نواز نے مزید کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے تعلقات کی مزید مظبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس موقع پر قائم مقام ہائی کمشنر نے پارٹی کے سینئر نائب صدر کے عہدے پر تقرری پر مریم نواز کو مبارکباد دی اور مریم نواز نے قائم مقام ہائی کمشنر کی آمد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں