Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ٹیکنیکل سطح کے مذاکرات ختم

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ٹیکنیکل سطح کے مذاکرات ختم ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے وفاقی حکومت کو پیٹرول، ڈیزل، بجلی اور گیس مہنگی کرنے پر مجبور کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام تر مشکل اقدامات کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے، آل پارٹیز کانفرنس کو بھی مشکل معاشی فیصلوں پر اعتماد لینے کی تجویز کی گئی ہے۔

پیٹرول پر سیلز ٹیکس لانے اور لیوی بڑھائے جانے کا امکان

آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر پیٹرول مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے، ڈیزل پر لیوی مزید 10 روپے لیٹر بڑھانے جبکہ سیلز ٹیکس بھی صفر سے بڑھائے جانے کا امکان ہے۔

چار روزہ تکینکی مذاکرات میں بجٹ خسارہ کنٹرول کرنے کے لیے بھی بات چیت کی گئی، بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، وفاقی حکومت نے بجٹ اخراجات میں تقریبا 611 ارب روپے کمی کا پلان دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سبسڈیز محدود کرنے کا پلان دے دیا، حکومت سبسڈیز میں 340 ارب روپے کمی پر تیار ہو گئی، چار روزہ مذاکرات میں منی بجٹ کے خدوخال پر تیاری ہو رہی ہے، آئی ایم ایف سیلز ٹیکس کی شرح 17 سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی کہا کہ مختلف سیکٹرز میں سیلز ٹیکس کی رعایتی شرح ختم کرنے پر بھی غور، سیلز ٹیکس کی لگ بھگ  110 ارب روپے کی رعایتیں ختم ہونے کا امکان ہے جبکہ فلڈ لیوی عائد کرنے کے لیے منی بجٹ میں اہم شق شامل کرنے پر بھی غور جاری ہے۔

متعلقہ خبریں