شہرِقائد کےگلی محلوں میں ڈاکوؤں اور لٹیروں کا راج تاحال جاری ہےجس کی وجہ سے ہرشہری عدم تحفظ کا شکارہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 11 جی تارا چوک میں ڈکیتی کی ایک واردات ہوئی جس میں گلی میں بائیک پر سوار دو ملزمان کی لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج بول نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
بول ذرائع نے بتایا کہ بائیک پرسوار شہری کو چلتی موٹر سائیکل سے اتار کر ایک ڈاکو نے اسلحہ کے زور پرغمال بنا لیا اور شہری سے موبائل فون، نقدی اور دیگر سامان چھین لیا جبکہ دوسرے ملزمان نے اس دوران موٹر سائیکل واپس موڑ لی جس کے بعد دونوں ملزمان باآسانی فرار ہوگئے۔
لیڈی ہیلتھ ورکر کے گھر واردات میں ملزمان زیوارت اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے
بول نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلزار ہجری جمالی گوٹھ میں ایک لیڈی ہیلتھ ورکر کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ملزمان صبح 4 بجے خاتون کا میڈیکل چیک اپ کرانے کے بہانے سے گھر داخل ہوئے تھے تینوں ملزمان نے ایک خاتون سمیت گھر میں داخل ہوتے ہی اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا اور گھر سے طلائی زیوارت سمیت لاکھوں روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
واضح رہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکر گھر میں کلینک چلاتی ہیں ۔



















