وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا تنازع پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یوم یکجہتی کشمیر منارہے ہیں، پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری بہن بھائی 75 سال سے زائد عرصے سے وحشیانہ بھارتی جبر کا سامنا کررہے ہیں، 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیریوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیر میں 9 لاکھ سے زائد قابض بھارتی فوج تعینات ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ کشمیریوں کو حق خودارادیت کا موقع دینا چاہیئے، بلاول بھٹو زرداری
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو دبانے کا نیا باب کھول دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے انتخابی حلقوں کی تازہ حد بندی، غیر کشمیریوں کو لاکھوں ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کا اجراء اور ووٹر لسٹوں میں لاکھوں غیر کشمیریوں کو شامل کیا ہے، جس کا مقصد کشمیریوں کو ان کی اپنی سرزمین میں ایک بے اختیار اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری مسلسل خوف کی حالت میں زندگی بسر کر رہے ہیں، بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کاروائیوں میں طاقت کے اندھا دھند استعمال اور ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے، سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو من مانی غیرقانونی حراستوں، تشدد اور جائیدادوں کی ضبطی کا سامنا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ختم کرنا ہوں گی، بھارت آبادیاتی ڈھانچےمیں تبدیلیوں سمیت 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لے۔
یہ بھی پڑھیں؛ پاکستان کشمیر کا وکیل تھا، ہے اور رہے گا، خالد خورشید
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت سخت قوانین کو منسوخ کرے، بھارت ماورائے عدالتی قتل کے معاملات میں اقوام متحدہ کی طرف سے دی گئی تحقیقات کی اجازت دے اورجموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یاد دلانا چاہتا ہوں جب تک کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں پاکستان کبھی بھی چین سے نہیں بیٹھے گا، پاکستان بھارتی مظالم پر خاموش تماشائی نہیں بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کا تنازع پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون رہے گا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔



















