Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ن لیگ نے انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ نے انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے ہمراہ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل ورکرز کنونشن ہوا، کارکنان کا جذبہ دیدنی تھا، پارٹی کو متحد کرنے کیلئے دن رات ایک کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ اس وقت ملک مشکلات کا شکار ہے، عوام کو پتا ہے کہ ملک کو ان حالات تک کون لایا۔

ان کا کہنا تھا کہ 2017 میں نواز شریف کو اقامے پر نکالا گیا، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا، دوسری طرف سنگین جرائم دنیا کے سامنے ہیں، جنہوں نے جرم کیا انہیں اس کی سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں دو دفعہ قید میں رہی ہوں، نواز شریف ایک سال جیل میں رہے، آنے والا وقت بہتر ہو گا، ایک انتقام ہوتا ہے اور ایک اپنے جرائم کا حساب دینا ہوتا ہے، جس نے جرائم کیے اسے حساب تو دینا پڑے گا، ان کا مشکل وقت ابھی نہیں آیا ابھی تو انصاف ہونا ہے، کسی کو ڈس کوالیفائی کیا تو ان کی پارٹی وجود میں آئی۔

مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے 4 سال میں ملکی معیشت کو تباہ کیا، تباہ حال معیشت کو ٹھیک کرنے میں کچھ وقت لگے گا، مسلم لیگ ن کی تاریخ ہے کہ ہم نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دیا، شہباز شریف عوام کو ریلیف دینے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ ڈرامہ الیکشن کے دن تک تھا، ہم عوام سے نہ تو کوئی جھوٹا وعدہ کریں گے اور نہ ہی کوئی ڈرامہ کریں گے، جنوبی پنجاب کی عوام کو جھوٹی تسلی نہیں دیں گے، 2016 میں نواز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام کو خداحافظ کہا، اب تو ایسا لگتا ہے پاکستان کو حکومت نہیں آئی ایم ایف چلا رہا ہے، آئی ایم ایف سے شرائط پوری کرنے کیلئے سمجھوتا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرط ماننا موجودہ حکومت کی مجبوری ہے، پنجاب چند دن پہلے عمران خان کے پاس تھا، پھر ساری مہنگائی کاذمہ دار شہبازشریف کیوں ہے؟ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا وزیر اعلیٰ ہاؤس کو ذاتی مقاصد کیلئےاستعمال کیا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ایک ٹولے نے فیصلہ کیا اور نااہل ترین انسان کو اقتدار میں لایا۔

یہ بھی پڑھیں؛ مریم نواز کے دورہ ملتان کے دوران ن لیگی کارکنان کا احتجاج

 

 

 

متعلقہ خبریں