Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی آئی اے کی پرواز امدادی سامان لیکر ترکیہ روانہ

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز امدادی سامان لے کر ترکیہ روانہ ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے ترکیہ اور شام کے لیے خصوصی فضائی آپریشن شروع کردیا گیا ہے، قومی ایئرلائن کی خصوصی پرواز امدادی سامان لیکر لاہور سے استبول روانہ ہوگئی ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر خصوصی پرواز پی کے 707 میں ریلیف سامان روانہ ہوگیا ہے، پی آئی اے کا طیارہ 51 رکنی ریسکیو ٹیم کو لے کر دوپہر استنبول پہنچے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پی کے 707 پاکستانی ریسکیو ٹیم اور ان کے خصوصی آلات کو لے کر لاہور سے استنبول روانہ ہوگیا ہے، پرواز میں امدادی سامان کی ترسیل کیلئے بھی اقدامات مکمل کیے گئے ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کی استنبول کیلئے روزانہ کی بنیاد پر پروازیں ہیں، پروازیں حکومتی امدادی اقدامات کیلئے ہمہ وقت دستیاب ہوں گی۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے انسانی ہمدردی بنیادوں پر ریلیف سامان کی ترسیل بھی بلامعاوضہ کررہی ہے، پی آئی اے کی استنبول اور دمشق جانے والی تمام پروازوں پر ریلیف سامان کی ترسیل مفت کردی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سامان این ڈی ایم اے کے ذریعے پی آئی اے کے کارگو ٹرمینل پر پہنچایا جاسکتا ہے۔ پی آئی اے وسیع تر قومی مفاد میں ہمیشہ اپنی خدمات پیش کرتا ہے یہ ہمارا قومی فریضہ ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے مزید کہا کہ کسی بھی امدادی کام یا زخمی ہم وطنوں کو وطن واپس لانے کے لئے ہی آئی اے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔

وزیراعظم کا فوری ترکی جانے کا فیصلہ

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طور پر ترکیہ جانے کا فیصلہ کیا ہے،  وزیراعظم 8 فروری کو ترکیہ جائیں گے، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم دورہ ترکیہ میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، وزیراعظم ترک عوام سے اظہار ہمدردی کے لئے دورہ ترکیہ کر رہے ہیں،  وزیراعظم کی ترک صدر سے انقرہ میں ملاقات ہوگی۔

واضح رہے کہ شدید زلزلے کے باعث ترکیہ اور شام میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد بھی 6000 سے تجاوز کرچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترکیہ میں ہلاکت خیز زلزلے کے بعد سات روزہ سوگ کا اعلان

متعلقہ خبریں