ملک بھر میں اینٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف) کی منشیات کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں اے این ایف کی مختلف کارروائیاں جاری ہیں جس میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔
ذرائع کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں پشین یارُو کے دور دراز پہاڑی علاقوں میں اے این ایف نےکارروائی کرتے ہوئے 136 کلو چرس برآمد کرلی ہےجبکہ تربت کے قریب زیرِ تعمیر مکان سے بھی200 کلو چرس برآمد کر لی گئی۔
علاوہ ازیں کراچی کےعلاقے کورنگی کے قریب بھی اے این ایف کی جانب سے بڑی کارروائی کے دوران مشکوک گاڑی سے 254 کلو گرام کیٹامائن برآمد کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمدشدہ کیٹامائن گریس ڈرموں میں چھپا کر اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی ۔
پشاور میں بھی باچہ خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شارجہ جانے والے ایک مُلزم کے پیٹ سے 3 ہیروئن سے بھرے جبکہ 1 چرس سے بھرا کیپسول برآمد کرلیا گیا ہے، ملزم بنوں کا رہائشی تھا جسے فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملتان ایئرپورٹ پرفلائٹ نمبر PA 812 سے شارجہ جانے والے ایک اور مُلزم کے پیٹ سےبھی 91 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کرلئے گئے ہیں۔
ملزم سرگودھا کا رہائشی ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اے این ایف ترجمان نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار مُلزمان کےخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔



















