Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہباز اور بلاول نے پاکستان کی جگ ہنسائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جگ ہنسائی میں کبھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کیلئے کتنی عقل چاہیے کہ ترکی کی حکومت اور عوام شدید صدمے میں ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی ہزاروں لوگ ملبے کے نیچے دبے ہیں، وہ اس وقت میزبانی نہیں کرسکیں گے لیکن احمقوں کا یہ ٹولہ زبردست کا مہمان بن گیا۔

اس کے علاوہ فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر پر  پی ٹی آئی کے استعفوں کی منظوری سے متعلق کہا کہ اسپیکر تھوڑا سا جمہوریت کا پاس رکھیں اور لیڈر آف اپوزیشن کو تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کریں۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ہر بات کیلئے عدالت جانا کوئی اچھی پارلیمانی  روائیت نہیں۔

خیال رہے کہ لاہورہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے 43 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کردیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف کے 43 ایم این اے کے استعفی منظور کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا۔

عدالت نے 43 حلقوں میں ضمنی الیکشن تاحکم ثانی روک دیا اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ استعفے واپس لینے کے بعد اسپیکر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ استعفے منظور کریں۔ ممبران اسمبلی کے استعفیٰ منظور کرنا خلاف قانون اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ ممبران قومی اسمبلی کے استعفے عدالت عظمی کے طے کردہ قوانین کے برعکس منظور کیے گیے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔

متعلقہ خبریں