Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ورزش کے بعد پٹھوں کے درد کو کم کرنےمیں مددگار 5 علاج

اچھی صحت کے لیے ورزش ضروری ہے اور وررزش کے بعد پٹھوں میں کھچاؤ اور درد ہونا عام سی بات ہے، پہلی بار اگر ورزش کی جائے تو یہ درد زیادہ ہوتا ہے مگر کچھ دنوں میں جسم کا اس کا عادی ہوجاتا ہے اور درد کم  ہوتا ہے۔

کہاجاتا ہے کہ اگر ورزش کے بعد درد محسوس نہ ہوتو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے ورزش درست انداز میں نہیں کی، ورزش کے دوران پٹھوں میں تناؤ کی وجہ سے جو درد محسوس ہوتا ہے وہ بنیادی طور پر اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ نے صحیح ورزش کی ہے۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ درد کو برداشت کریں یہاں پر اس طرح کے درد کو دور کرنے میں مددگار 5 آسان اور آزمودہ طریقے پیش کئے جارہے ہیں جو آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

ہائیڈریٹ رہیں

پانی کی کمی پٹھوں میں درد کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ یہ خون کے بہاؤ  اور زہریلے مادوں کے اخراج میں کمی کا باعث بن سکتی ہے، جس کے نتیجے میں تناؤ، پٹھوں میں درد، اور یہاں تک کہ اینٹھن بھی ہو سکتی ہے۔ لہذا، ایسے افراد جو ورزش کرتے ہیں پانی کی مقدار کو بڑھا دیں اس طرح پٹھوں کے درد کو کم کرنے میں مدد ملے گی، روزانہ تقریباً 8 سے 10 گلاس پانی پئیں اور جب آپ ورزش کر رہے ہوں تو پانی کی بوتل ساتھ رکھیں

گرم شاور لیں

ایک بھرپور ورزش کے بعد آرام دہ اور گرم شاور سے بہتر کوئی عمل نہیں ہے۔ یہ نہ صرف آپ کی جلد کو تروتازہ کرنے بلکہ آپ کے پٹھوں کا درد دور کرنے میں بھی مدد کرتا ہے – بالکل ہیٹنگ پیڈ کی طرح۔ شاور میں گرم پانی سوزش اور درد کو کم کرنے جبکہ آپ کے جسم میں خون کی گردش کو بڑھاتا ہے۔

مساج کریں

ورزش کی صورت میں پٹھوں کے تناؤ اور درد کو کم کرنے کے لیے متاثرہ مقام پر مساج کریں، یہ خون کے بہاؤ کو بڑھا کر آپ کے جسم میں پٹھوں کے تناؤ کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ لہٰذا، کسی بھی تیل کی کچھ مقدار لے کرجہاں بھی آپ کو درد محسوس ہو آہستہ سے اس کا مساج کریں۔ جبکہ اس سلسلے میں کسی ماہر سے مشورہ کرکے ایکیوپریشر یا  ٹشو مساج کی کوشش کر سکتے ہیں۔

کھنچاؤ کی ورزش آزمائیں

ورزش سے پہلے اور بعد میں مسلز کوکھینچنا ہمیشہ مفید ثابت ہوتا ہے، اور اگر آپ ورزش کے بعد کچھ درد محسوس کرتے ہیں، تو آپ کے پٹھوں کے ارد گرد درد کو کم کرنے کے لیے کچھ ہلکے اسٹریچ کرنے کو یقینی بنائیں۔ یہ آپ کے جسم کو متحرک اور گرم رکھے گا، تاکہ آپ کے خون کی گردش میں رکاوٹ نہ آئے اور آپ کے مسلز کے ذریعے خارج ہونے والے زہریلے مادے درد یا تناؤ کا باعث نہ بنیں۔

پروٹین کا استعمال

پروٹین کا استعمال ورزش کے دوران پٹھوں میں ہونے والی ٹوپھوٹ کی مرمت میں اہم کردار ادا کرتا ہے پروٹین میں موجود امینو ایسڈز سخت ورزش کے بعد آپ کے پٹھوں کو ٹھیک کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ اس لیے پٹھوں کے درد کو دور کرنے کے لیے انڈے، چکن، بادام، جئی، کاٹیج چیز، دودھ اور بروکولی جیسی غذائیں کھائیں۔