پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر 16 کے بجائے 19 مارچ کو ضمنی انتخابات کروانے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات 16مارچ کی بجائے 19مارچ کو کروائے جائیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے خط میں کہا کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے انعقاد کر شیڈول جاری کر چکا ہے اور کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لئے جمعرات کا دن مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعرات معمول کا دن ہے اور زیادہ تر عوام اپنے نجی و سرکاری امور کی انجام دہی میں مصروف ہوگا جب کہ ورکنگ ڈے پر پولنگ کروانے سے ووٹرز کے بڑھے حصے کے ووٹ کے حق سے محرومی کے امکانات ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ اگر مقامی طور پر چھٹی کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو بھی ٹرن آوٹ پر منفی اثر کے امکانات ہیں ، الیکشن کے انعقاد کی تاریخ میں معمولی سی تبدیلی سے انتخابی عمل میں ووٹرز کی شرکت کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اپنے شیڈول پر نظر ثانی کرے اور جمعرات کی بجائے اتوار 19مارچ کو ان 33 حلقوں میں انتخاب کروائے۔



















