بالی ووڈ کے معروف اداکار رونیت رائے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کرن جوہر کی وجہ سے ایک اہم ہالی ووڈ فلم سے محروم ہوئے تھے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں رونیت رائے نے بتایا کہ وہ مشہور ہالی ووڈ فلم ’زیرو ڈارک تھرٹی‘ سے اس لیے محروم رہے کیونکہ وہ کرن جوہر کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ میں مصروف ہو گئے تھے۔
رونیت رائے کو 2012 کی فلم زیرو ڈارک تھرٹی کی پیشکش کی گئی تھی جس کی ہدایت کاری کیتھرین بیگلو نے کی تھی جو بہترین ہدایت کار کا اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والی پہلی خاتون ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرن جوہر کو بالی ووڈ میں رشتہ کروانے والی آنٹی کہنے کی وجہ سامنے آ گئی
اسامہ بن لادن کے خلاف کیے گئے آپریشن پر بنی فلم کے لیے رونیت رائے کو اس طرح پیشکش کی گئی کہ فلم کے کردار کے لیے ان کا آڈیشن بھی نہیں لیا گیا، فلم بنانے والوں نے ان کا کام دیکھا تھا اور وہ ان کی اداکاری کی مہارت سے اتنے متاثر ہوئے کہ انھوں نے ان سے رابطہ کیا۔
تاہم رونیت رائے کرن جوہر کی اسٹوڈنٹ آف دی ایئر کے لیے پہلے ہی وعدہ کر چکے تھے جس کی وجہ سے وہ ہالی ووڈ کی فلم نہ کر سکے۔
رونیت رائے نے اسٹوڈنٹ آف دی ایئر فلم کی ٹیم سے رابطہ بھی کیا لیکن انہوں نے شیڈول تبدیل کرنے سے انکار کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کرن جوہر کی زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں پر کڑی تنقید
رونیت رائے نے مزید کہا کہ ظاہر ہے کہ ہالی ووڈ میں لوگ میرے لیے اپنی تاریخیں دوبارہ طے نہیں کرتے اس لیے مجھے یہ فلم چھوڑنی پڑی۔















