Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسلم لیگ (ن) کا تنظیمی اجلاس؛ مریم نواز نے نوجوانوں کو پارٹی میں شامل کرنے کی ہدایت کر دی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس ہوا جس میں سینئر نائب صدر و پارٹی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے نوجوانوں کو پارٹی میں شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سینئر نائب صدر و پارٹی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کا تنظیمی اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تنظیمی امور سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔

اس دوران مریم نواز نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے تنظیمی امور سے متعلق تجاویز حاصل کیں۔

اجلاس میں چیف آرگنائزر مریم نواز نے ضلع اسلام آباد میں ممبر سازی شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔

مریم نواز نے عوام تک پارٹی کا بیانیہ پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ کو پارٹی میں شامل کیا جائے۔ طالب علموں، خواتین اور شہریوں کو مسلم لیگ ن کی جانب راغب کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیز میں طالب علموں کو ممبر بنایا جائے، سینئر عہدیداران پارٹی کے سفیر بنیں اور پارٹی کی ممبر سازی شروع کریں، لاہور میں یہ کام شروع کیا حیران کن نتائج ملے، لاہور میں توقعات سے بڑا رسپانس ملا، ہر یونیورسٹی اور کالج میں جائیں اور طالب علموں کو شامل کریں۔

یہ بھی پڑھیں؛ شاہد خاقان عباسی کا مریم نواز کو لیڈر ماننے سے انکار

سوشل میڈیا اور شعبہ خواتین کے تنظیمی اجلاس بھی آج ہوں گے۔

واضح رہے کہ مریم نواز بہاولپور ڈویژن اور ایبٹ آباد کے تنظیمی دورے بھی کر چکی ہیں۔

مریم نواز نے گزشتہ روز اسلام آباد میں تنظیمی کنونشن سے بھی خطاب کیا تھا۔

متعلقہ خبریں