پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے کہا 90 دن میں الیکشن کرائیں، اللہ کا شکر ہے ایک اچھا فیصلہ آیا90 دن میں الیکشن ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کے بعد 90دن میں الیکشن کرانا ہوتا ہے، عوام الیکشن کا انتظار کررہےہیں، ہر بندہ پوچھ رہا ہے الیکشن کب ہورہے ہیں۔
یاسمین راشد نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے، مریم نواز کہہ رہی ہیں الیکشن سے نہیں ڈرتے، مریم نواز جو مرضی تقریر کریں پی ڈی ایم الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے۔
دو روز قبل بھی یاسمین راشد نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے اور اب یہ الیکشن نہ کروانے کے بہانے تلاش کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کہتی ہیں کہ ہم الیکشن میں سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکتیں، ضمنی الیکشن کے لیے سیکیورٹی مل سکتی ہے تو صوبائی انتخابات کے لیے کیوں نہیں مل سکتی۔
انکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئین کو پامال کر رہا ہے، اگر 90 دن کے اندر الیکشن نہیں کروائے جاتے تو ان کو سزا ملنی چاہیے، جب عمران خان حکم کریں گے ہم پنجاب کی جیلیں بھر دیں گے۔
یاسمین راشد نے مزید کہا تھا کہ ملک کی معیشت کے حالات کوئی ڈھکے چھپے نہیں، اسمبلی میں واپس جانے کا مقصد یہ ہے جو نگران حکومت بنائی جائے اس میں من مانی نہ کی جا سکے۔



















