چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کی تاریخ میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال اور پنجاب ، خیبر پختونخواہ انتخاب بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کی تاریخ میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں، عدلیہ آئین کی بالادستی کے ساتھ کھڑی ہے،آئین شکنی برداشت نہیں ہوگی۔
چوہدری پرویزالہٰی نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمشن اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے فوری شیڈول جاری کرے جبکہ گورنر اور الیکشن کمیشن تاریخ کے معاملے پر فٹ بال کھیلنا بند کرے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے مزید کہا کہ قوم سب دیکھ رہی ہے کہ پی ڈی ایم الیکشن سے کس طرح خوفزدہ ہے، کسی کو آئین پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ملاقات میں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مقبولیت نے حکمران کی نیندیں حرام کردی ہیں، انتخاب کا شیڈول دینا الیکشن کمیشن اور گورنرز کی آئینی ذمہ داری ہے۔
سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ تمام انتقامی کارروائیاں اور مقدمات تحریک انصاف کا راستہ نہیں روک سکتی، عدالتی فیصلہ اچکا ہے اب انتخاب سے بھاگنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔



















