Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اینٹی نارکوٹکس فورس کی منشیات کے خلاف ملک گیر کارروائیاں جاری،منشیات برآمد

اے این ایف حکام کی ملک بھر میں منشیات کے خلاف کامیاب کاروائیاں جاری ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق اے این ایف حکام نے متعدد کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات اور چرس  بر آمد کرلی ہے۔

بلوچستان سے ڈیرہ اسماعیل خان کے راستے راولپنڈی اوراسلام آباد میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔

 ذرائع کی رپورٹ کےمطابق منشیات  ٹرک کے فرش میں بنے خُفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی جو اے این ایف کی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں برآمد کر لی گئی۔

ڈی آئی خان یارک ٹول پلازہ کے قریب بھی ایک  ٹرک سے546  کلو چرس برآمد کر لی گئی ہے، اسمگلنگ میں ملوث ملزم خیبرکا رہائشی ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مانسہرہ سے ہری پور منشیات اسمگل کرنےکی کوشش بھی اینٹی نارکوٹکس فورس نے ناکام بناتے ہوئےملزم سے 2 کلو 500 گرام چرس برآمد کرلی ہے۔

کراچی میں اتحاد ٹاؤن کے قریب کاروائی کے دوران 2 ملزمان سے 4 کلو چرس برآمد  کرلی گئی ہے۔

 ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی فلائٹ نمبر ER 701 سے دبئی جانے والی خاتون سے 2 کلو 340 گرام چرس برآمد ہوئی ہے جس میں چرس خاتون کے سامان میں موجود چنوں میں چھپائی گئی تھی جس کے بعد فیصل آباد کی رہائشی ملزم خاتون کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد  میں ہی موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب  بھی اے این ایف نے کاروائی کرتے ہوئے کار سے 9 کلو 600 گرام چرس برآمد کرلی جس کا ملزم چارسدہ کا رہائشی  ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے ایف 8/1 میں کاروائی کے دوران ایبٹ آباد کے رہائشی ملزم سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی ہے

اے این ایف ترجمان نے واضح کرتے ہوئے بتایا کہ تمام گرفتار مُلزمان کےخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں