Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک اور عوام کے مسائل حل کرنے کی اپنی تاریخ پھر دوہرائیں گے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک اور عوام کے مسائل حل کرنے کی اپنی تاریخ پھر دوہرائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیف آرگنائزر مریم نواز سے پنجاب اسمبلی کے سابق ارکان کی ملاقات ہوئی جس میں پارٹی کی تنظیم سازی اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی کے امور پر غور کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سوشل میڈیا اور یوتھ ونگز کو یونین کونسل کی سطح تک منظم کرنے کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہوئی۔

اس کے علاوہ آئندہ اليکشن کی تياری، مسائل کی نشاندہی اور ان کے جلد از جلد حل کی حکمت عملی بھی مرتب کی گئی۔

ملاقات میں مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے پارٹی پرچم تھامے رکھنے والے راہنما اور کارکن ہمارے سر کا تاج ہیں، ملک اور عوام کے مسائل حل کرنے کی اپنی تاریخ پھر دوہرائیں گے۔

واضح رہے کہ اس موقع پر صدر پاکستان مسلم لیگ ن لاہور سیف الملوک کھوکھر، جنرل سیکریٹری خواجہ عمران نذیر اور خواتین ونگ لاہور کی صدر سعدیہ تیمور بھی موجود تھے۔

مریم نواز کی پارٹی کے سابق ایم پی ایز کے ساتھ ملاقات

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر وائس پریذیڈنٹ مریم نواز نے لاہور کی تنظیم اور پارٹی کے سابق ایم پی ایز کے ساتھ بھی ملاقات کی جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں لاہور کے تمام حلقوں کے لئے شماریاتی کوڈ، یونین کونسل اور پھر صوبائی لیول پر تنظیم سازی کے لئے آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت جاری کردی گئی جبکہ تمام عہدیداروں اور ایم پی ایز کو اگلے ہفتے کی ڈیڈ لائن دی گئی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پارٹی کی ازسرنو تنظیم کو منظم کرنے کو ایک تحریک کا نام دیا گیا ہے اور اس تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے دن رات محنت کرنے اور پارٹی کو مضبوط  بنانے کے ٹاسک کے لئے کام، کام اور کام کے نظریے پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں