پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو برطرف کرکے مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے بول نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان گرفتاری دینے کو تیار ہیں اصل مسئلہ پاکستان کو بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ آئین کے ساتھ کھڑے ہیں یا جسٹس منیر بننا چاہتے ہیں ، ہمیں معلوم ہے انہوں نے الیکشن نہیں کروانے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ انتخابات کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے، یہ لوگ باہر بیٹھ کر کھانا نہیں کھا سکتے الیکشن کیا کروائیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان میں صرف پیسہ بنانے اور حکومت کرنے آتے ہیں، جس دن انتخابات کا اعلان ہوگا 60 فیصد کابینہ واپس لندن چلی جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہباز شریف جوکرز کی طرح کام کررہے ہیں، الیکشن کمیشن نے ثابت کیا ہے کہ منشی بھی اس سے زیادہ طاقتور ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک فون کال پر الیکشن کمیشن تبادلے کرتا ہے، انتہائی نالائق نااہل اور احمق لوگ ایکشن کمیشن کو چلا رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے مزید کہا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کو برطرف کرکے مقدمہ قائم کیا جائے، سیکرٹری الیکشن کمیشن کو قانونی کروائی کا سامنہ کرنا پڑے گا۔



















