آئی جی موٹروے پولیس خالد محمود کی وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران کلرکہار میں گزشتہ رات پیش آنے والے سانحہ پر موٹروے پولیس نے رپورٹ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کو پیش کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات بس لاہور کی طرف جاتے ہوئے کلرکہار کے مقام پر بریک فیل ہونے کے باعث سانحہ کا شکار ہوئی ، بس کے واقعہ کے باعث تین دیگر گاڑیاں سانحہ کا شکار ہوئی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس المناک سانحہ کے باعث 14 افراد جاں بحق، 11 افراد شدید زخمی، 31 معمولی زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سانحہ کی خبر ملتے ہی ڈی آئی جی موٹروے پولیس محمد یوسف جائے حادثہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے، سانحہ کے زخمیوں کو ایف ڈبلیو او، ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز میں ٹراما سینیٹر کلرکہار منتقل کیا گیا، متاثرہ بس کو مزید قانونی کاروائی کیلئے متعلقہ پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہےکہ وزیراعظم، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کی ہدایت پر زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، آئی جی موٹروے پولیس بھی تمام واقعہ کی براہ راست نگرانی کرتے رہے۔



















