Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر مملکت آئین کے ساتھ کھلواڑ کریں گے تو وہ صدر نہیں رہیں گے،مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صدر مملکت آئین کے ساتھ کھلواڑ کریں گے تو وہ صدر نہیں رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بار بار طلبی کے باوجود عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ایک شخص پاکستان کی ہر عدالت کو مطلوب ہے اور اس شخص نے آئین و قانون کا تماشا بنا رکھا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان جیسی سہولیات ہر شخص کو حاصل نہیں ہیں، عمران خان عوام کو عدالت پر حملے کے لئے اکسا رہے ہیں، عمران خان نے سوشل میڈیا پر ہائی کورٹ پر دھاوا بولنے کا حکم دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ جیل بھرو تحریک کا نعرہ لگانے والا ضمانتیں کروا رہا ہے، عدالت کیوں عمران خان کو گرفتار کرنے کا حکم نہیں دیتی، جو عدالت کا تمسخر اڑاتا ہے وہ ایف آئی اے کے سامنے کیسے پیش ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز صاحبہ ڈیتھ بیڈ پر تھیں پھر بھی نواز شریف کی پیشیاں ہوتی تھیں، نواز شریف عدالتوں میں پیش ہوئے اور جے آئی ٹی میں بھی پیش ہوتے رہے۔

مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کو مہلت پر مہلت دی جارہی ہے یہ کس قسم کا نظام ہے، عمران خان کو جو سہولت دی گئی وہ سب کو دی جائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ صدر پاکستان عمران خان کی کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں، صدر مملکت کا دفتر اس وقت تحریک انصاف کا دفتر بنا ہوا ہے، صدر مملکت آئین کے ساتھ کھلواڑ کریں گے تو وہ صدر نہیں رہیں گے۔

متعلقہ خبریں