Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انتخابات میں تاخیر پر از خود نوٹس، الیکشن کمیشن کا آج ہونے والا اجلاس منسوخ

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کا آج ہونے والا اجلاس ازخود نوٹس کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن صدر کے احکامات پر اب خود فیصلہ نہیں کرے گا اور  صدارتی احکامات پر اپنا موقف سپریم کورٹ میں پیش کرے گا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئینی ماہرین کی تحریری رائے ملنے پر آج صدارتی حکم نامے پر فیصلہ کرنا تھا۔

علاوہ ازیں سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر از خود نوٹس لے لیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے معاملے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے 9 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیدیا جو کیس کی سماعت آج (23 فروری) سے دوپہر 2 بجے کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں 14 اور 17 جنوری کو تحلیل ہوئی تھیں۔ آرٹیکل 224 دو کے تحت انتخابات اسمبلی کی تحلیل سے 90 روز میں ہونا ہوتے ہیں۔

آئین لازم قرار دیتا ہے کہ 90 دن میں انتخابات کرائے جائیں، انتخابات کی تاریخ کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ بار، خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکرز کی درخواستیں بھی آئیں۔

صدر مملکت کا انتخابات کا اعلان 

اس سے قبل 20 فروری کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔

ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر عارف علوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 ایک کے تحت 9 اپریل بروز اتوار کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے لیے انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد نگران سیٹ اپ کام کر رہا ہے اور صوبائی گورنرز کی جانب سے انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا

متعلقہ خبریں