Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بارکھان میں بم دھماکا، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق رکھنی کے بازار میں زور دار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں 2 بچیاں بھی شامل ہیں تاہم رکھنی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے رکھنی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔

وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے مزموم مقاصد کے حصول کے لئے بد امنی پیدا کررہے ہیں، ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف مزید موثر اسٹریٹیجی اپنائی جائے گی۔ ۔

یہ بھی پڑھیں؛ کوئٹہ میں دستی بم دھماکا، 4 افراد زخمی

وزیراعلیٰ نے محکمہ داخلہ اور پولیس کو دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں سیکیورٹی پلان کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور دیرپا امن کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے ہدایت دی کہ دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیرداخلہ بلوچستان

علاوہ ازیں وزیرداخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو نے رکنی میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیرداخلہ نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا اور شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔

ضیاء اللہ لانگو نے مزید کہا کہ بلوچستان میں عوام، فورسز اور پولیس کی بے پناہ قربانیوں کے بعد امن بحال ہوا، کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو

پی پی پی چیئرمین و وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی بارکھان میں دہشت گرد دھماکے کی مذمت  کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کی بیخ کنی کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر خارجہ نے رکھنی بازار میں شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردانہ واقعے میں زخمی ہونے والے اپنے بھائیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتا ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی، وہ انسانوں کی شکل میں سفاک درندے ہیں۔

متعلقہ خبریں