Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

راجن پور ضمنی الیکشن: ’عوام خوف کا بت توڑ کر نکلیں ‘، عمران خان کا پیغام

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے این اے 193 راجن پور کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا امیدوار حلقے میں خوف پھیلا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کی فصلوں کو خراب کیا جا رہا ہے، معصوم لوگوں کے خلاف ایف آئی آرز کاٹی جارہی ہیں اور لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جام پور کے لوگوں سے کہتا ہوں آپ سب نے نکلنا ہے، پی ٹی آئی کے امیدوار محسن لغاری کو کامیاب کرانا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں اپیل کی ہے کہ عوام ووٹ ڈالنے کیلئے نکلیں، بلے پر مہر لگائیں اور خوف کے بت کو توڑیں۔

الیکشن پی ٹی آئی نے ہی جیتنا ہے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ جام پور ضمنی انتخابات میں پولیس اور جتھوں کا استعمال کر کے تحریک انصاف کے حمایتی بااثر لوگوں کی فصلوں پر ٹریکٹر چلا دیے گئے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ درجنوں لوگ جعلی پرچوں میں اندر ہیں پورے پنجاب کی پولیس جام پور میں لگا دی گئی، بربریت عروج پر ہے لیکن پھر بھی الیکشن پی ٹی آئی  نے جیتنا ہے۔

راجن پور کا ضمنی الیکشن آنے والے عام انتخابات کا ٹریلر ہے

اس حوالے سے حسان خاور نے کہا کہ آج این اے 193 راجن پور کا ضمنی الیکشن آنے والے عام انتخابات کا ٹریلر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت نے کھل کر پی ٹی آئی کے خلاف ریاستی مشینری کا استعمال کیا اب عوام کا کام ہے کہ وہ باہر نکلیں، پی ٹی آئی کو ووٹ دیں اور مافیاز کو شکست دیں۔

مہنگائی کا طوفان لانے والوں کو آج عبرتناک شکست ہوگی

دوسری جانب زرتاج گل نے بھی اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ این اے 193 امیدواروں کے کیمپس حلقے کی صورتحال بتارہے ہیں کہ جام پور پہلے بھی کپتان کا تھا اور آج بھی کپتان کا ہے۔ انشاء اللہ مہنگائی کا طوفان لانے والوں کو آج عبرتناک شکست ہو گی۔

تحریک انصاف آج کامیابی حاصل کرے گی

ضمنی الیکشن سے متعلق رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ آج جام پور میں انتخابات ہیں اور پچھلے 2 ہفتوں میں جام پور کی عوام اور محسن خان لغاری کے ساتھیوں پر ظلم کا ہر پہاڑ توڑا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حلقے کے ہر شہری کے خلاف دہشت گردی جاری ہے. تحریک انصاف کے ووٹرز کی فصلیں تباہ کی گئی ہیں، ایسی بےشرم نگران حکومت کی مثال نہیں ملتی۔

مسرت جمشید چیمہ نے مزید کہا کہ انشاء اللہ آج تحریک انصاف وہاں کامیابی حاصل کرے گی اور ثابت کرے گی کہ ایسے ہتھکنڈے کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔

متعلقہ خبریں