Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خضدار اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

بلوچستان کے ضلع خضدار اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

اس حوالے سے زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زیر زمین گہرائی 40 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز خضدار سے 150 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بلوچستان کے ضلع ژوب اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 309 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیر زمین گہرائی 40 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کیسے اور کیوں آتے ہیں؟

زلزلے قدرتی آفت ہیں جن کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے۔ پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری انڈین اور تیسری اریبئین ہے۔ زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں، زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لسبیلہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔ زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں ميں زیادہ ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے۔ پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر ہے جس کے باعث ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے۔

کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ سے پشاور، مکران سے ایبٹ آباد اور گلگت سے چترال تک تمام شہر زلزلوں کی زد میں ہیں، جن میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقے حساس ترین شمار ہوتے ہیں۔ زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا پانچواں حساس ترین ملک ہے۔

متعلقہ خبریں