Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گڈز ٹرانسپورٹ کے تمام جائز مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرینگے، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے تمام جائز مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر کامران خان ٹیسوری سے گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں گڈز ٹرانسپورٹ کے لئے بندرگاہوں پر پارکنگ کی سہولت کی فراہمی اور ایکسل لوڈ کے مطابق سامان لے جانے کی اجازت پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران گڈز ٹرانسورٹ کے اوقات کار، ہائی ویز پر گاڑیوں کو سیکیورٹی یقینی بنانے اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گڈز ٹرانسپورٹ قومی معیشت کا اہم حصہ ہے

گورنر سندھ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ قومی معیشت کا اہم حصہ ہے، مختلف شعبوں کے سازو سامان کی بروقت ترسیل گڈز ٹرانسپورٹ کی مرہون منت ہے۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے تمام جائز مسائل کے حل کے لئے اقدامات کریں گے، ان کے حل کے لئے متعلقہ صوبائی اور وفاقی محکموں سے رابطہ کروں گا۔

دوسری جانب اراکین وفد نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے پارکنگ، ایکسل لوڈ اور سیکیورٹی کے مسائل حل کرنے کی درخواست کرتے ہیں، مسائل توجہ سے سننے پر  گورنر سندھ کے مشکور ہیں۔

واضح رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے وفد کی قیادت رکن صوبائی  اسمبلی ملک شہزاد اعوان کر رہے تھے۔

اس سے قبل گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ شہر قائد کی تعمیر و ترقی کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر صوبہ سندھ کو ترقی دلوا سکتے ہیں۔

 کامران خان ٹیسوری نے کہا تھا کہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری رکھوں گا، تنقید کی پرواہ نہیں،، ملک کا معاشی حب ترقی کرے گا تو پاکستان بھی ترقی کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے اتحاد و اتفاق کا ہے، ملک کو معاشی مسائل سے نکالنے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں