Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں کے پی اور پنجاب کے انتخابات کرانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے انتخابات سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں خیبرپختونخوا اور پنجاب انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے انتخابات سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اجلاس میں دونوں صوبوں کی مجوزہ تاریخوں پر مشاورت کی گئی اور انتخابی شیڈول 54 دن کا رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابی تاریخوں کی تجویز میں رمضان اور عید کو مدنظر رکھا جائے گا اور انتخابی تاریخوں پر اسٹیک ہولڈرز سے حتمی مشاورت ہوگی۔ صدر اور گورنر نے مشاوررت کی تو الیکشن کمیشن شریک ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں؛ الیکشن کمیشن کا انتخابات کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات کی تیاریاں 24 اپریل تک مکمل ہوں گی، الیکشن کمیشن تیاریاں مکمل ہونے کے فوری بعد کی تاریخ الیکشن کی کیلئے دے گا۔

ذرائع نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن 90 روز میں ممکن نہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جلد از جلد الیکشن کرانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں ڈی جی لاء نے الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی تھی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مشاورت کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا کے پی اور پنجاب میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ مشاورت دوبارہ شروع کرنے اور وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، وزارت دفاع اور وزارت خزانہ کو بھی خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا، عدالتِ عظمٰی نے سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا محفوظ فیصلہ سنادیا تھا۔

متعلقہ خبریں