Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صحتیابی کے بعد سندھ کے تمام اضلاع کا دورہ کروں گا، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ صحتیابی کے بعد سندھ کے تمام اضلاع کا دورہ کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ نے لاہور میں اہم ملاقات کی جس میں انہوں نے سندھ کی سیاسی صورتحال سے عمران خان کو آگاہ کیا۔

عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ سب سے زیادہ حقیقی آزادی کی ضرورت سندھ کے عوام کو ہے، سندھ میں عوام کو زرداری مافیا سے نجات دلوائیں گے، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے یہاں خودکشیاں ہو رہی ہیں۔

اس دوران عمران خان نے سندھ میں لاقانونیت اور مہنگائی کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے کی بھی ہدایات دیں۔

حلیم عادل شیخ نے ملاقات کے دوران کہا کہ عمران خان کے سندھ میں آنے سے پہلے عوام تیار ہو جائے، اگلے ہفتے سے پورے سندھ میں ویلکم عمران خان مہم چلائیں گے، خان کا پیغام سندھ کے شہر شہر جا کر پہنچائیں گے، ویلکم عمران خان مہم میں سندھ بھر میں عوامی اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں ریلیاں اور کنونشن منعقد کئے جائیں گے، وکلاء سمیت پی ٹی آئی کی تمام ذیلی تنظیموں کے ساتھ مل کر مہم چلائی جائیں گی، سندھ کے عوام کو پیپلز پارٹی سے نجات دلوانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں