الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ تجویز کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف کو پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے خط ارسال کردیا گیا ہے۔
خط میں الیکشن کمیشن نے پنجاب میں الیکشن کیلئے مئی کا پہلا ہفتہ تجویز کردیا ہے اور 30 اپریل سے 7 مئی تک کی تاریخیں تجویز کیں ہیں۔
خیال رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس دوران اہم معاملات پر مشاورت کی گئی۔
بعداز اجلاس الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو خط لکھ دیا اور بتایا کہ صدر مملکت پنجاب میں الیکشن کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں؛ الیکشن کمیشن کا انتخابات کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کیلئے گورنر کے پی کو بھی مراسلہ جاری کیا ہے جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مشاورت کے حوالے سے زور دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا تھا جس میں خیبرپختونخوا اور پنجاب انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے انتخابات سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اجلاس میں دونوں صوبوں کی مجوزہ تاریخوں پر مشاورت کی گئی اور انتخابی شیڈول 54 دن کا رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابی تاریخوں کی تجویز میں رمضان اور عید کو مدنظر رکھا جائے گا اور انتخابی تاریخوں پر اسٹیک ہولڈرز سے حتمی مشاورت ہوگی۔ صدر اور گورنر نے مشاوررت کی تو الیکشن کمیشن شریک ہوگا۔



















