وفاقی وزیر سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت حج پالیسی 2023ء سے متعلق جائزہ اجلاس کا انعقاد وزارت خزانہ میں ہوا جس میں شرکاء کو حج پالیسی 2023ء پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ رواں سال پاکستان سے کتنے عازمین حج کی درخواستوں کی وصولی متوقع ہے، رواں سال تقریباً ایک لاکھ 79 ہزار پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے وفاقی وزیر خزانہ کو زرمبادلہ کے بعض مسائل کے حوالہ سے آگاہ کیا اور ان کی معاونت طلب کی جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور نے وزیر خزانہ کے تعاون پر ان سے اظہار تشکر بھی کیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے حج کے مذہبی ایونٹ کو کامیاب بنانے اور عازمین حج کو ہر طرح کے مکمل تعاون کی فراہمی کا اعادہ کیا۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ حج ایک مذہبی فریضہ ہے جو ہر صاحب حیثیت مسلمان کو ادا کرنا چاہیے اور ہم اللہ کے فضل و کرم سے اپنا کردار بخوبی ادا کریں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فنانس طارق باجوہ، سپیشل سیکرٹری فنانس اور وزارت خزانہ و وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



















