وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جام ساقی ہمارے ذہنوں اور دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں پارٹی رہنما جام ساقی مرحوم کو ان کی پانچویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت پسند اور وقت سے بہت آگے کی سوچ رکھنے والے عوامی رہنما تھے۔
انہوں نے کہا کہ جام ساقی مرحوم کی جبری مشقت کی روک تھام اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے کاوشیں بھی ناقابلِ فراموش ہیں۔
وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ضیاء کی آمریت کے دوران جب جام ساقی مرحوم کے خلاف بغاوت کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا تھا، تو ان کی بے گناہی کی گواہی دینے کے لیے شہید بینظیر بھٹو بذاتِ خود ملٹری کورٹ میں پیش ہوئی تھیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جام ساقی مرحوم پاکستان میں محنت کش طبقات کے حقوق کے لیے بے لوث جدوجہد اور بے مثال قربانیاں دینے کا نام ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ کا مزید کہناتھا کہ جام ساقی ایک سوچ کا نام ہے، جسے موت بھی مٹا نہیں سکتی، وہ ہمارے ذہنوں اور دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔



















