Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رانا ثناء نے غیرقانونی اقدام کیا تو قانون کی گرفت ہوگی، حماد اظہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ رانا ثناء نے غیرقانونی اقدام کیا تو قانون کی گرفت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق حماد اظہر سمیت دیگر رہنماؤں نے زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مقصد خون خرابہ کرنا ہے، کارکن پرامن رہیں، رانا ثناء کو خون نہیں دینا۔

حماد اظہر نے کہا کہ رانا ثناء نے غیرقانونی اقدام کیا تو قانون کی گرفت ہوگی، آئی جی ایساقدم نہ اٹھائیں جس سےملک کو نقصان ہو۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اہلیان لاہور عمران خان کیلئے زمان پارک پہنچیں۔

جان بوجھ کر حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ گرفتاری کی کوشش توہین عدالت ہوگی، عمران خان کی گرفتاری کا مقصد لاشیں گرانا ہے، حکومت امن وامان کا مسئلہ پیدا کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 منٹ کے اندر ہزاروں کارکنان جمع ہوگئے، کارکن قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کریں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان جیل جانے سے نہیں ڈرتے، رانا ثناء اللہ اور آئی جی تصادم چاہتے ہیں، جان بوجھ کر حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عدالتوں نے عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک رکھا ہے، پورا پاکستان عمران خان کے ساتھ ہے، جیت عوام کی ہوگی۔

حکومت افراتفری پھیلا کر الیکشن ملتوی کرانا چاہتی ہے

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت افراتفری پھیلا کر الیکشن ملتوی کرانا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیل، تشدد پہلے دیکھ چکے ہیں، ہمارے لیے کچھ نیا نہیں، کارکن عمران خان کی کال پرعمل کریں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، اسلام آباد پولیس لاہور پہنچ گئی

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرنے لاہور پہنچ گئی۔

 ٹیم ایس پی سٹی اسلام آباد حسین طاہر کی سربراہی میں سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے لاہور پہنچی ہے۔

زمان پارک پہنچنے والی پولیس ٹیم کے اہلکار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے، عمران خان کو بتانے آئے ہیں کہ عدالت میں پیش ہوجائیں، اگر عمران خان عدالت حاضر نہیں ہوں گے تو اگلہ مرحلہ گرفتاری ہوگا۔

پولیس اہلکار نے مزید کہا کہ ہم گرفتاری کے لیے نہیں صرف نوٹس دینے آئے ہیں، پی ٹی آئی قیادت سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عدالتی حکم پر عملدرآمد کرانے آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

متعلقہ خبریں