پنجاب میں انتخابات کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں، الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے ماسٹر ٹرینرز کی ٹریننگ کا آج سے آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق 40 ماسٹر ٹرینرز کو انتخابات کے حوالے سے ٹریننگ دی جارہی ہے، ماسٹر ٹرینرز کو الیکشن کمیشن کے سینئنر افسران الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں ٹریننگ دے رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ماسٹر ٹریننرز ٹریننگ حاصل کر کے فیلڈ میں جا کر ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کو ٹریننگ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی افسران کی ٹریننگ 3 سے 4 روز میں مکمل کر لی جائے گی اور افسران کی ٹریننگ کے بعد انتخابی عملے کی ٹریننگ کا عمل شروع کیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ 2 مارچ کو الیکشن کمیشن نے ماسٹر ٹریننرز کی ٹریننگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے لئے 40 ماسٹر ٹرینرز کی فہرست تیار کر لی گئی تھی۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا اور پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں، الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشان کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں اپنے نمائندوں کے ذریعے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو درخواستیں دیں، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 216 کے تحت درخواستیں جمع کرائی جائیں ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ انتخابی نشان کے حصول کیلئے 8 مارچ تک درخواست جمع کرائی جائے، الیکشن ایکٹ سیکشن 206 کے تحت درخواست کے ساتھ بیان حلفی بھی جمع کرایا جائے ۔



















