مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن سے بھاگنے والی جماعت نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے شیخو پورہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ عدلیہ بچاؤ تحریک نہیں عدلیہ سے بچاؤ تحریک ہے، نوازشریف سے کیا مقابلہ کرو گے تم ایک عورت سے مقابلہ کرکے دکھاؤ، عدالت میں پیش ہوگا تو پھنسے گا نہیں پیش ہوگا تو پھنسے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی رہ تو نہیں گیا جس نے نہ کہا ہوکہ نوازشریف کیساتھ زیادتی ہوئی، ڈیم والے بابا بتاؤ ،تم نے کس طرح نوازشریف کو تاحیات نااہل کیا؟ثاقب نثار بتائے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنا تھا یا فون پر؟
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے خلاف سازشیوں کو رسوائی ملی، سب اعتراف کررہے، کل سازش کا بہت بڑا کردار ثاقب نثار اپنے منہ سے بول اٹھا۔خودکو بابارحمت سمجھنے والا پاکستان کیلئےبابازحمت ثابت ہوا، ثاقب نثار آج بھی پورا سچ نہیں بول رہا،یہ ابھی اور لوگوں کے نام بھی بتائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ نااہل شخص پاکستان کی 75سالہ تاریخ کاسب سے بڑا بزدل ہے، کیا کسی بہادر قوم کا لیڈر بزدل ہوسکتا ہے؟ جب سے مقدمات شروع ہوئے گھر سے نہیں نکلا،5ماہ سے اس کی ٹانگ سے پلسترنہیں اتررہا، میں پی ٹی آئی کی فالوور ہوتی تو شرم سے مرجاتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور نوازشریف عمر میں برابر ہیں، کیا کبھی نوازشریف نے عدالت کو بتایا کہ بیمار ہوں؟ کیا کبھی نوازشریف نے کہا کہ بیمار یا معذور ہوں؟ 72 سال کا بزرگ چوری کرسکتا ہے تو 72 سال کا بزرگ جیل کیوں نہیں جا سکتا؟ عدالت بلاتی ہے تو کہتا ہے ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے نہیں آسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو زندگی میں سچ بولتا ہے وہ مرنے کا انتظار نہیں کرتا ہے، عمران خان مکافات عمل کا شکار ہے، 2018 کا الیکشن جیتنے کے لیے عمران خان کی مدد کی گئی، قوم کے بیٹے رل گئے اور اس کا بیٹا لندن میں عیاشی کررہا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن سے بھاگنے والی جماعت نہیں ہے، الیکشن ہوگا لیکن کچھ فیصلے باقی ہیں پہلے وہ ہونگے اور پھر الیکشن ہوگا۔



















