Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان ملک میں پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، شہباز شریف

شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ملک میں پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف )کے شریک چیئرمین بل گیٹس اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں وزیراعظم نے بی ایم جی ایف کی جانب سے ملک میں پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے میں خاص طور پر ملک میں حالیہ سیلاب کے دوران پاکستان کو دی جانے والی قابل قدر مدد کو سراہا۔

ملاقات میں دونوں رہنماوں کے درمیان حکومت کے زیرقیادت دیگر پروگراموں پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مقاصد پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔

شہباز شریف نے ملک میں پولیو کے خاتمے کے لئے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل اور ان کی ٹیم کی ان تھک کوششوں سے بل گیٹس کو آگاہ کرتے ہوئے ان کی کوششوں کی تعریف کی جبکہ وزیر اعظم نے تعاون کے تمام جاری شعبوں میں فاؤنڈیشن کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان ملک میں پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، حکومت خصوصی ایمرجنسی رسپانس پلان کو مکمل طور پر نافذ کر رہی ہے۔

ملاقات میں بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پولیو کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے اپنی فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان کے لئے مسلسل تعاون کا اعادہ کیا۔

متعلقہ خبریں