Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شبِ برأت آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے

ملک بھر میں آج شب برأت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

 شعبان المعظم کی 15ویں رات کو شب برات کہا جاتا ہے، شب کے معنی ہیں رات اور برأت کے معنی بری ہونے اور قطع تعلق کرنے کے ، اس رات مسلمان توبہ کرکے گناہوں سے قطع تعلق کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی رحمت سے بے شمار مسلمان جہنم سے نجات پاتے ہیں اس لیے اس رات کو شبِ برأت کہتے ہیں۔

 اس رات اہل ایمان نوافل ادا کرتے ہیں اور گڑگڑا کر اپنے رب سے گناہوں اور خطاؤں کی معافی طلب کرتے ہیں جبکہ اس رات مساجد اور گھروں پر نفلی عبادات اور شب بیداری کا خصوصی اہتمام کیا جارہا ہے۔

شب برأت کی مناسبت سے نذر و نیاز کا بھی خصوصی اہتمام بھی کیا جاتا ہے ،لوگ بڑی تعداد میں  قبرستانوں کا رُخ کر کے اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی بھی کرتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی اہل اسلام کو شب برآت کی مبارک باد

 وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پوری دنیا کےمسلمانوں کوشبِ برآت کی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کوشبِ برآت مبارک ہو۔ آئیں سب مل کر آج وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئےرب کےحضور دعا کریں۔

انہوں نے کہا کہ میری ربِ باری تعالی سےدعا ہے کہ وہ پاکستان کے سیلاب زدگان،ترکیہ و شام کے زلزلہ متاثرین کی مصیبتوں میں کمی اورکشمیر و فلسطین کےمسلمان بہن بھائیوں کی مشکلات کاخاتمہ کرے۔ آمین

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ ہے کہ اس وقت خطِ غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے لاکھوں بھائی بہن مہنگائی کے ہاتھوں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے میں رمضان المبارک کی آمد ہمیں یہ سعادت عطا کرتی ہے کہ ہم آگے بڑھ کر اپنے معاشرے کے اس غریب ترین طبقے کی تکلیف میں ریلیف کا ذریعہ اور ان کے رنج میں راحت کا وسیلہ بن جائیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ چنانچے مستحق غریب گھرانوں کے لیے رمضان المبارک میں مفت آٹا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجھے توقع ہے کہ اس ناچیز خدمت میں دوسرے صوبے بھی آگے بڑھ کر حصہ لیں گے۔

متعلقہ خبریں