Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خواتین کا عالمی دن، پنجاب حکومت کی پی ٹی آئی قیادت کو الرٹ رہنے کی ہدایت

خواتین کے عالمی دن پر آج نکالے جانے والی مختلف ریلیوں سے متعلق پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی قیادت کو آج الرٹ رہنے کے لئے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے پی ٹی آئی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کو آج ریلی کے حوالے سے اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا۔

پنجاب حکومت نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہنے کے لئے پی ٹی آئی کو بہتر انتظامات کرنے کا مشورہ دے دیا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا کہ ملک میں اس وقت حالات بہتر نہیں ہیں۔ آج ویمن ڈے کے حوالے سے مختلف ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، مختلف مذہبی گروپوں کی جانب سے آج سڑکوں پر نکلنے کا کہا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے مراسلے میں مزید کہا کہ مذہبی گروپوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ پی ٹی آئی کو ریلی کے دوران انتظامات کرنے ہوں گے۔

خواتین کا عالمی دن کیا ہے؟

خواتین کا عالمی دن خواتین کی کامیابیوں کے اعتراف اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے عزم کے اظہار کے لیے ہر سال منایا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ نے 1656 میں 8 مارچ کو عورتوں کے عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ اس کا مقصد خواتین کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

اس دن کی جڑیں 20ویں صدی کے اوائل کی امریکی سوشلسٹ اور مزدور تحریکوں میں پنہاں ہیں، خصوصاً اس وقت جب خواتین کام کرنے کے لیے بہتر حالات اور ووٹ کے حق حاصل کے لیے لڑ رہی تھیں۔

اس دن کو باقاعدہ منانے کی ابتداء 1911 میں آسٹریا، ڈنمارک، جرمنی اور سوئٹزرلینڈ میں ہوئی جب دس لاکھ سے زیادہ افراد نے خواتین کے حقوق کی حمایت کے لیے ریلی نکالی۔

اس کے بعد سے، اس دن کو منانے کا سلسلہ نہ صرف آگے بڑھتا رہا بلکہ اس کے دائرہ کار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد سے لے کر کام کی جگہ پر برابری تک تمام مسائل کو حقوق نسواں کے دائرہ کار میں شامل کیا جاتا ہے۔

اگرچہ کسی ایک تنظیم کے پاس اس تقریب کی ملکیت نہیں ہے تاہم اقوام متحدہ میں1977 میں اس دن کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے بعد سے عالمی سطح پر اسے منانے کا رجحان بڑھا۔

دنیا بھر میں اس دن کی مناسبت سے تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ کچھ ممالک جن میں چین روس اور یوگنڈا شامل ہیں، اس دن عام تعطیل ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں