Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سی ٹی ڈی کارروائیوں میں 3 شہروں سے 12 دہشت گرد گرفتار

لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مختلف چھاپہ کارروائیوں میں 3 شہروں سے 12 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کی جس کے دوران لاہور سمیت تین شہروں سے 12 دہشت گرد گرفتار کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ خفیہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی نشاندہی 61 مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران کی گئی، لاہور سے 3 دہشت گردوں کو حساس علاقے کے قریب سے گرفتار کیا گیا جن کا تعلق القائدہ ٹی ٹی پی سے ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے بارودی مواد، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد ہوا تاہم دہشت گردوں کے نیٹ ورک حساس اضلاع میں تخریب کاری کرنا چاہتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سی ٹی ڈی پشاور کا گرینڈ آپریشن، دہشت گردوں کا بڑا نیٹ ورک گرفتار

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش جاری ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق رواں ہفتے 797 کومبنگ و سرچ آپریشنز کیے گئے، جس کے دوران 159 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ریاست دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

کالعدم بی ایل ایف کے 2 دہشت گرد گرفتار

دوسری جانب کراچی میں وفاقی حساس ادارے اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی سٹی کے مطابق وفاقی حساس ادارے اور پولیس نے لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فورس (بی ایل ایف) کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

اس حوالے سے ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ دونوں دہشت گردوں کا تعلق بلوچستان لیبریشن فورس ڈاکٹر اللہ نذر گروپ سے ہے۔

ایس ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد ولید عرف ولڑ اور شعیب عرف ببلو سے دو دستی بم برآمد ہوئے۔

عارف عزیز نے مزید کہا کہ گرفتار دہشت گرد شہر میں بدامنی پھیلانا چاہتے تھے تاہم گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں