Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

(ن) لیگ کو عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف منفی مہم چلانے پر معافی مانگنی چاہیے، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کو عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف منفی مہم چلانے پر ان سے معافی مانگنی چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا کہ توشہ خانہ تفصیلات کے مطابق شریف اور زرداری خاندان نے دن دھاڑے ڈاکہ مارا، پاکستان سے دھوکہ دہی میں ملوث شریف اور زرداری خاندان کا ایک اور ثبوت سامنے آچکا ہے، پچھلے 11 ماہ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے قانونی طریقہ کار کے تحت ان سب سے کم تحائف لئے، زرداری اور نواز شریف نے غیر قانونی طور پر توشہ خانہ سے گاڑیاں نکلوائیں، توشہ خانہ قانون کی کھلے عام خلاف ورزیاں کی گئیں، جو فہرست منظر عام پر آئی وہ نامکمل ہے، 1988 سے تفصیلات سامنے آنی چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مقدس گائے کا تصور ختم کر کے ججز اور جرنیلوں کی تفصیلات بھی سامنے لائی جائیں، لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے حکم پر یہ سب ممکن ہوا انکا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے عوام کو ملک میں شفافیت کی نئی راہ دکھائی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ ایک کمیشن بنا کر تحقیقات کرے کہ ان تحفوں کی قیمت قانون کے مطابق ادا ہوئی؟ اور ڈکلیئر کئے گئے کہ نہیں؟ (ن) لیگ کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف منفی مہم چلانے پر ان سے معافی مانگنی چاہیے، جھوٹی مہم اور گھٹیا بیانیہ کا پول عوام کے سامنے کھل چکا ہے۔

ضرور پڑھیں؛ تحریک انصاف کی انتخابی ریلی کو ناکام بنانے کے لیے لاہور پولیس سرگرم

 

 

متعلقہ خبریں