Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سابق وزیراعظم عمران خان کی کل عدالتی پیشی کی جگہ تبدیل

چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کی کل توشہ خانہ کیس میں عدالتی پیشی کی جگہ تبدیل کردی گئی ہے۔

عمران خان کل ایف ایٹ کچہری کی بجائے جوڈیشل کمپلیکس جی11 پیش ہوں گے، چیف کمشنر آفیسر نے اپنے اختیارات استعمال کرکے کچہری سے کمرہ عدالت جوڈیشل کمپلیکس شفٹ کردیا ہے۔

عمران خان کی عدالت تبدیلی کا نوٹیفیکیشن ایڈیشنل کمشنر رانامحمد وقاص کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

 نوٹیفیکیشن کے مطابق کورٹ نمبر 1 جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوگی۔

واضح رہے کہ جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف کنٹینرز لگائے جا رہے ہیں، عمران خان اور ان کے وکلاء کے علاوہ کسی شخص کو جوڈیشل کمپلیکس میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

عمران خان کی توشہ خان کیس میں پیشی ، پولیس کا نیا پلان سامنے آگیا

سابق وزیراعظم عمران خان کی کل توشہ خانہ فوجداری کارروائی میں جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے معاملے پر اسلام آباد پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس جانے والے تمام راستوں کو رات گئے سیل کر دیا۔

ضلعی انتظامیہ نے بھی اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، عمران خان کل توشہ خانہ کیس کے علاوہ دہشتگردی مقدمات میں بھی عبوری ضمانت حاصل کرینگے۔

 عمران خان نے دہشتگردی سمیت دیگر دفعات میں لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

عمران خان کی توشہ خان کیس میں پیشی، اسلام آباد پولیس کا کریک ڈاؤن کا فیصلہ

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں پیشی کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کو ریلی نکالنے پر مقدمہ درج کر کے گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پولیس نے کارکنان کو گرفتار کرنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی، کل جو بھی کارکن نعرے بازی یا قانون ہاتھ میں لے گا فوری طور پر گرفتار کر لیا جائیگا۔

آئی جی اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سیکورٹی کو مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان اور وکلاء کی علاوہ کسی کو داخل ہونیکی اجازت نہیں ہوگی۔

متعلقہ خبریں