بالائی سندھ (سکھر) کے تھیلیسیمیا سینٹر میں خون کے امراض میں مبتلا بچوں کی جان کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں جس کی وجہ خون کا عطیہ دینے والوں کی کمی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں عطیہ خون کم ہونے کی وجہ سے بچوں کو خون نہیں مل رہا ہے اور اس وقت سکھر کے تھیلیسیمیا سنٹر میں روزانہ خون کے امراض میں مبتلا 40 سے 42 بچے لائے جارہے ہیں۔
بلڈاینڈ ڈرگز ڈونیٹنگ سوسائٹی سکھر کے انچارج عبدالجبار نے بتایا کہ اس وقت صرف 20 بچوں کو خون کی فراہمی ممکن ہوپارہی ہے جبکہ 20 سے22 بچے روزانہ خون سے محروم رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ خون کا عطیہ دینے والوں کی کمی ہے اور رمضان میں یہ سلسلہ بالکل رک جاتا ہے۔
عبدالجبار نے مزید کہا کہ لوگ خون کےعطیات دیں کیونکہ تھیلیسیمیا اور خون کے امراض میں مبتلا بچوں کی زندگی بچانا نہایت ضروری ہے اور ان کی جانوں کو خطرہ ہے۔



















